بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 10 دہشتگرد ہلاک، 2 خودکش بمبار خواتین گرفتار: آئی ایس پی آر

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 10 دہشتگرد ہلاک

یوتھ ویژن نیوز : (اسلام آباد)– بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دو مبینہ خودکش بمبار خواتین اور ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔

سوراب اور مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔

بیان کے مطابق ضلع سوراب میں کارروائی کے دوران 7 جبکہ ضلع مستونگ میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔

خودکش بمبار خواتین اور سہولت کار گرفتار

آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں کیے گئے آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی دو مبینہ خودکش بمبار خواتین اور ایک سہولت کار کو گرفتار کیا گیا، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بدستور جاری رہیں گے اور غیر ملکی معاونت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

صدر مملکت کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر اقدامات قومی امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی مداخلت سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک جاری رہے گی اور پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا دہشتگردی کے خلاف عزم

وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں اور حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا ردعمل

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ اور سوراب میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے ایسی کارروائیاں انتہائی اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں، جبکہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں