بہاولپور میں MDCAT امتحان کے شفاف انعقاد کی تیاریاں مکمل، ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت جاری کردیں

بہاولپور میں MDCAT امتحان کے شفاف انعقاد کی تیاریاں مکمل، ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت جاری کردیں
صدر ٹرمپ کا اسرائیل کا دورہ متوقع، کنیسٹ سے تاریخی خطاب کی تیاریاں مکمل

یوتھ وژن نیوز: ( خصوصی رپورٹ برائے شہزاد چوہدری سے) ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی زیر صدارت میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کے امتحان (MDCAT) کے انعقاد اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ MDCAT امتحان شیڈول کے مطابق 26 اکتوبر 2025 کو منعقد کیا جائے گا۔ امتحانی مرکز کے طور پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے بغداد الجدید کیمپس کو منتخب کیا گیا ہے، جہاں تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کا عوام دوست اقدام، بزرگ شہریوں کی فوری داد رسی، اوپن ڈور پالیسی نے دل جیت لیے

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کا امتحان ہزاروں طلبہ و طالبات کے کیریئر کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے، اس لیے اس کے انعقاد میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو قبل از وقت تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بہاولپور کے واحد امتحانی مرکز میں 3014 امیدوار شریک ہوں گے جن میں 862 طلبا اور 2152 طالبات شامل ہیں۔ انتظامیہ نے امتحان کے دوران شفافیت، سکیورٹی اور سہولت کاری کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ MDCAT کا شفاف اور منظم انعقاد ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے اور اس امتحان کی شفافیت ہی مستقبل کے ڈاکٹرز کی میرٹ پر مبنی کامیابی کی ضمانت ہے۔

مزید کہا گیا کہ ضلع انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، اور یونیورسٹی انتظامیہ کے درمیان مکمل کوآرڈینیشن قائم کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔ امتحانی سنٹر میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، میٹل ڈیٹیکشن گیٹس، اور طلبہ کے لیے سکیورٹی اسکیننگ کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ امتحان کے روز ٹریفک پلان واضح طور پر جاری کیا جائے تاکہ امیدواروں اور والدین کو کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ پارکنگ ایریا، واٹر کولرز، فرسٹ ایڈ سہولیات اور شیڈڈ ویٹنگ ایریاز کا بندوبست بھی یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن (ر) طیب سمیع خان، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی خلیل احمد، اسسٹنٹ کمشنر صدر قرۃ العین، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن توکل حسین، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے نمائندگان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

ڈاکٹر فرحان فاروق نے کہا کہ امتحانی عملہ اپنی ذمہ داری احسن انداز میں نبھائے اور کسی امیدوار کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ MDCAT کا شفاف انعقاد طلبہ کے مستقبل کی بنیاد ہے، اس لیے تمام انتظامی ادارے اپنی ذمہ داری دیانتداری سے ادا کریں۔

انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ امتحان کے دن مرکز کے باہر رش نہ کریں تاکہ سکیورٹی عمل بہتر طریقے سے انجام دیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بہاولپور انتظامیہ ہر ممکن کوشش کرے گی کہ MDCAT کے امیدواروں کو ایک محفوظ، پرامن اور منصفانہ ماحول فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں