سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کا اجلاس: خام تیل، ایل این جی اور ایل پی جی کے ذخائر پر بریفنگ، او ایم سیز کے آڈٹ کی ہدایت
سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے اجلاس میں خام تیل، ایل این جی اور ایل پی جی کے ذخائر پر بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے آڈٹ اور ایل پی جی اوورچارجنگ کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔
اسلام آباد (یوتھ ویژن نیوز) – سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹر عمر فاروق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹرز قرۃ العین مری، سیف اللہ ابڑو، سعدیہ عباسی، ہدایت اللہ خان، جام سیف اللہ خان، امیر ولی الدین چشتی اور منظور احمد نے شرکت کی۔
کمیٹی کو خام تیل، پٹرول، ڈیزل، ایل این جی اور ایل پی جی کے موجودہ ذخائر اور درآمدی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ایران امریکہ کشیدگی کے اثرات
وفاقی وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور درآمدی مشکلات کے باعث حکومت کو اہم شعبوں کو ترجیح دینی پڑی۔ انہوں نے بتایا کہ خام تیل اور ایندھن کی درآمدات میں مشکلات نے ملکی توانائی کے شعبے کو متاثر کیا ہے۔
کھاد کے بحران سے بچنے کے لیے گیس کی منتقلی
کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ ڈی اے پی کھاد کی درآمد میں رکاوٹوں کے باعث کھاد کے بحران سے بچنے کے لیے گیس کی فراہمی یوریا پیدا کرنے والے یونٹس کو منتقل کر دی گئی۔ اس اقدام سے ملک میں کھاد کی دستیابی کو یقینی بنانے میں مدد ملی۔
مختلف ممالک سے درآمدی شرح پر بریفنگ
کمیٹی کو مختلف ممالک سے خام تیل، پٹرول، ڈیزل، ایل این جی اور ایل پی جی کی درآمدی شرح پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے وضاحت کی کہ بین الاقوامی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے دوران ایندھن کی قلت سے بچنے کے لیے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کو مالی گنجائش اور لیکویڈیٹی فراہم کرنا ضروری تھا۔
ایل این جی کارگو کی آمد
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایل این جی کا ایک کارگو آئندہ روز کراچی بندرگاہ پہنچنے کی توقع ہے، جس سے ملک میں گیس کی سپلائی میں بہتری آئے گی۔
او ایم سیز کے جامع آڈٹ کی ہدایت
کمیٹی نے او ایم سیز کے جامع آڈٹ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کے بعد موجودہ ذخائر سے حاصل ہونے والے مالی فوائد کا تعین کیا جائے۔
مشترکہ اسٹاک مانیٹرنگ میکانزم
کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ اوگرا، ایف آئی اے، آئی بی اور دیگر اداروں پر مشتمل مشترکہ اسٹاک مانیٹرنگ میکانزم قائم کیا گیا ہے، جو ہر پندرہ روز بعد ذخائر کا جائزہ لے گا۔ چیئرمین کمیٹی نے تمام اسٹاک رپورٹس کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی۔
قیمتوں کے فارمولے پر سوالات
کمیٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر سوالات اٹھاتے ہوئے متعلقہ حکام سے قیمتوں کے فارمولے کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
گیس فراہمی میں ترجیحات
گیس فراہمی سے متعلق بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کے ذریعے گھریلو صارفین، خاص طور پر کھانے کے اوقات میں، بلا تعطل گیس فراہمی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
ایل پی جی کی بڑھتی قیمتوں کا نوٹس
کمیٹی نے ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور سرکاری نرخوں و مارکیٹ قیمتوں میں نمایاں فرق کا نوٹس لیتے ہوئے اوگرا اور متعلقہ اداروں کو اوورچارجنگ کے خلاف کارروائی اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
پی ایم ڈی سی میں تقرریوں کا طریقہ کار
کمیٹی کو پی ایم ڈی سی بورڈ آف گورنرز میں تقرریوں کے طریقہ کار اور معیار پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پیش
اجلاس میں سینیٹر منظور احمد نے ذیلی کمیٹی کے کنوینر کی حیثیت سے ذیلی کمیٹی کی رپورٹ بھی قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش کی۔