اگر خان اندھا ہوا تو بہت سے لوگ اندھے ہوں گے: جنید اکبر کی اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کو سخت وارننگ
یوتھ ویژن نیوز : اسلام آباد (سیاسی رپورٹر): پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے بانی چیئرمین عمران خان کی جیل میں بگڑتی ہوئی صحت، خصوصاً بینائی کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور مقتدر حلقوں کو آخری وارننگ جاری کر دی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، سلمان اکرم راجہ اور جنید اکبر نے واضح کیا کہ اگر عمران خان کو کچھ ہوا تو حالات قابو سے باہر ہو جائیں گے۔
جنید اکبر کا سخت لب و لہجہ: صدر پی ٹی آئی کے پی جنید اکبر نے جذباتی انداز میں کہا کہ "ہم آپ سے نفرت کرتے ہیں، آپ ہمیں ننگا کریں یا ایف آئی آرز درج کریں، اس سے نفرت ہی بڑھے گی”۔ انہوں نے اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "آپ پاکستان کے ماما چاچا نہ بنیں، آپ کا کام تحفظ فراہم کرنا ہے”۔ انہوں نے مزید انتباہ کیا کہ جس دن قیادت ورکرز کے سامنے سے ہٹ گئی، اس دن عوام کسی کو بھاگنے کا راستہ نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ "اگر عمران خان اندھا ہوا تو بہت سے لوگ اندھے ہوں گے”۔
مزید پڑھیں : عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی 85 فیصد ختم
وزیراعلیٰ کے پی اور سلمان اکرم راجہ کے الزامات: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے عمران خان کی بینائی متاثر ہونے کو "کرمنل ایکٹ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کو فیملی اور ذاتی ڈاکٹروں کے بغیر نامعلوم انجکشن لگایا گیا جس سے ان کی 85 فیصد بینائی چلی گئی۔ انہوں نے نواز شریف کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت عدلیہ اور میڈیا خاموش ہے جو کہ دوہرا معیار ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ تین ماہ سے عمران خان تکلیف میں تھے مگر کسی نے توجہ نہیں دی، بلکہ بینائی متاثر ہونے پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو تبدیل کر دیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فی الفور رہا کیا جائے اور پورے پاکستان کو اس ظلم پر ردِ عمل دینا ہوگا۔