وزیرِ اعظم کا وزیرِ اعلی سندھ سے ٹیلی فونک رابطہ، گل پلازہ کراچی میں آگ پر اظہار افسوس
یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) وزیرِ اعظم شہباز شریف کا وزیرِ اعلی سندھ سے ٹیلی فونک رابطہ، گل پلازہ کراچی میں آگ کے واقعے پر افسوس اور وفاقی تعاون کی یقین دہانی۔
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزیرِ اعلیٰ سندھ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور گل پلازہ کراچی میں آگ لگنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس حادثے میں جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہے اور وفاقی حکومت متاثرین کے ساتھ ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ارفع کریم فاؤنڈیشن کی قیادت سے ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز ہونے والے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وفاقی اداروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ سندھ حکومت کی مکمل معاونت کریں۔ انہوں نے کہا کہ دکھ و مصیبت کی اس گھڑی میں وہ خود متاثرین اور سندھ حکومت کے ساتھ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شہری علاقوں میں آگ کے فوری قابو پانے کے لیے ایک مربوط اور مؤثر نظام کے قیام کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان مکمل تعاون یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق، صوبائی حکومت کی ہر قسم کی معاونت کے لیے تیار ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت اور جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔