وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز 4: اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے طلبہ و طالبات میں 3900 لیپ ٹاپ تقسیم

prime-minister-laptop-scheme-phase-4-islamia-university-bahawalpu

وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز 4 کے تحت 3900 لیپ ٹاپ تقسیم

یوتھ ویژن نیوز :(محکمہ تعقاتِ عامہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز 4 کے تحت 3900 لیپ ٹاپ طلبہ و طالبات میں تقسیم، جدید تعلیم اور تحقیق کے فروغ کا منصوبہ۔

بہاولپور: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے طلبہ و طالبات میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز 4 کے تحت 3900 لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔ یہ اقدام طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور تحقیق و تعلیم میں عالمی معیار قائم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر خصوصی تقریب غلام محمد گھوڑی ہال عباسیہ کیمپس میں منعقد ہوئی جس میں سابق گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، اراکین صوبائی اسمبلی رانا طارق خان، سعدیہ بلال، سابقہ رکن صوبائی اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ تقریب میں طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے بعد خوشیوں کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعظم کا وژن: نوجوانوں کو ڈیجیٹل تعلیم سے مستفید کرنا

سابق گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن یہ ہے کہ پاکستان کے نوجوان عالمی معیار کی تعلیم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکیم سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی شروع کردہ کوششوں کو آگے بڑھا رہی ہے تاکہ نوجوان پاکستان میں فری لانسنگ، آئی ٹی اور سائنسی تحقیق میں نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔

پاکستان میں ڈیجیٹل تعلیم اور تحقیق کا فروغ

انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے مزید کہا کہ 2013 سے 2018 کے دوران تقریباً 5 لاکھ لیپ ٹاپ نوجوانوں میں تقسیم کیے گئے، جبکہ موجودہ دور میں سالانہ ایک لاکھ لیپ ٹاپ طلبہ و طالبات کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں بھی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں لاکھوں نوجوان مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ و طالبات سے کہا کہ اس سہولت کو اپنی اور ملک کی تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی کے لیے بھرپور استعمال کریں۔

وائس چانسلر کا پیغام: علم کا قائد بنیں

وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم نوجوانوں کے عالمی وژن کی عکاس ہے اور یہ ثابت کرتی ہے کہ پاکستان کے نوجوان صرف علم کے پیروکار نہیں بلکہ علم کے رہنما بھی ہیں۔ اب تک اسلامیہ یونیورسٹی کے 13,345 طلبہ و طالبات اس سکیم سے مستفید ہو چکے ہیں۔

عالمی معیار کی تعلیم اور تحقیق کے لیے قدم

پنجاب یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبر ڈاکٹر عمران دین نے سکیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام طلبہ کو جدید سافٹ ویئر، ڈیجیٹل لائبریری اور تعلیم کے وسائل تک رسائی فراہم کرتا ہے، جو پاکستان کی ڈیجیٹل لرننگ اور تعلیمی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں