وزیراعظم نے پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں ترامیم کی منظوری دے دی

وزیراعظم شہباز شریف کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس، پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں ترامیم کی منظوری

یوتھ ویژن نیوز : (محمد عباس احمد سے)– وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں ملک کے توانائی شعبے میں اصلاحات، آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن، ماحول دوست ایندھن کی پیداوار اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، احسن اقبال، متعلقہ وفاقی سیکرٹریز اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

جدید ریفائنریز توانائی تحفظ کے لیے ناگزیر

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ پاکستان کے توانائی تحفظ کے نظام کا ایک بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید معیار کے مطابق ریفائنریز نہ صرف ملک کی توانائی ضروریات بہتر انداز میں پوری کریں گی بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے اور ماحول دوست ایندھن کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔

یورو-4 اور یورو-5 ایندھن کی پیداوار پر زور

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ آئل ریفائنریز کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے ان کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے۔ بریفنگ کے مطابق یورو-4 اور یورو-5 معیار کے ایندھن کی پیداوار پاکستان کے بین الاقوامی ماحولیاتی وعدوں کی تکمیل، فضائی آلودگی میں کمی اور عوام کو بہتر معیار کا ایندھن فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے۔

اوگرا اصلاحات اور مؤثر عملدرآمد کی ہدایت

وزیراعظم نے اوگرا کی کارکردگی بہتر بنانے اور توانائی مارکیٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اصلاحات متعارف کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ کسی بھی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے اصلاحاتی عمل کو تیز کیا جائے تاکہ توانائی کے شعبے میں شفافیت، مسابقت اور سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔

خلیجی ممالک میں روڈ شوز منعقد کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے براؤن فیلڈ ریفائنریز سے متعلق ترمیم شدہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کو فروغ دینے کے لیے قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روڈ شوز منعقد کرنے کی ہدایت بھی جاری کی تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے۔

انہوں نے وزیرِ پٹرولیم اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹجک ذخائر بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی، پائیدار اصلاحات اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ ملک کی توانائی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کیا جا سکے اور معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں