وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا خلائی مشن پر جانے والے پاکستانی خلا بازوں سے ملاقات، چین کے تعاون کو اہم سنگ میل قرار
یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) اسلام آباد میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی خلا بازوں خرم داؤد اورمحمد ذیشان علی سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین کے تعاون سے خلائی تحقیق کا سفر دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا، جبکہ اس مشن کو پاکستان کیلئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔
خلائی مشن کو قومی اعزاز قرار
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی خلا بازوں کا خلائی مشن پر روانہ ہونا نہ صرف ایک سائنسی کامیابی ہے بلکہ پوری قوم کیلئے باعث فخر ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ مشن پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرے گا۔
اعلیٰ سطح حکام کی شرکت
ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے، جبکہ SUPARCO کے چیئرمین اور چین کے سفیر بھی موجود تھے۔
پاکستان چین دوستی خلائی شعبے تک وسیع
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق میں تعاون دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط کرے گا اور یہ شراکت داری مستقبل میں سائنسی و تکنیکی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کرے گی۔
خلا بازوں کا عزم
خلا بازوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خلاء میں تحقیق کرنا ان کیلئے باعث اعزاز ہے اور وہ اپنی محنت کے ذریعے قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔