کراچی کی اہم شاہراہ 50 دن کے لیے بند،
کراچی میں نیپا چورنگی سے وفاقی اردو یونیورسٹی تک سڑک بند،
یوتھ ویژن نیوز : (صائمہ معظم سے) شہرِ قائد کے شہریوں کے لیے ایک اور بڑی آزمائش، نیپا چورنگی سے وفاقی اردو یونیورسٹی تک سڑک 10 نومبر سے 30 دسمبر تک بند رہے گی۔ واٹر اینڈ سیوریج امپروومنٹ پروجیکٹ (KWSIP) کے مطابق، کے فور منصوبے کے تحت پانی کی نئی لائنیں بچھانے کے باعث یہ بندش ناگزیر قرار دی گئی ہے۔
پراجیکٹ حکام کے مطابق، پہلے مرحلے میں وفاقی اردو یونیورسٹی تک پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل کیا جائے گا، جب کہ دوسرے مرحلے میں حسن اسکوائر سے نیپا چورنگی تک لائنیں بچھائی جائیں گی۔ انتظامیہ نے بتایا کہ دورانِ تعمیر ٹریفک کو نیپا چورنگی سے الہٰ دین پارک کی طرف موڑ دیا جائے گا تاکہ شہریوں کو متبادل راستہ میسر رہے۔
یونیورسٹی روڈ پہلے ہی ریڈ لائن بس منصوبے کے کام کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے، جہاں ٹریفک جام، کھدائی اور تجاوزات نے شہریوں کے لیے مشکلات بڑھا دی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چند کلومیٹر کا سفر اب گھنٹوں میں طے ہوتا ہے اور روزانہ کی آمد و رفت ایک عذاب بن گئی ہے۔
چند ماہ قبل اسی علاقے میں ریڈ لائن کے کام کے دوران پانی کی لائن پھٹنے سے متعدد علاقوں میں فراہمی متاثر ہوئی تھی، جس کے بعد شہریوں کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ اس دوران پانی کی قلت نے تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور رہائشی علاقوں کو شدید متاثر کیا۔
متاثرہ علاقے میں تین بڑی جامعات — کراچی یونیورسٹی، این ای ڈی یونیورسٹی اور وفاقی اردو یونیورسٹی — واقع ہیں، جہاں طلبہ اور اساتذہ دونوں ہی ٹریفک اور تعمیراتی کاموں کے باعث پریشانی کا شکار ہیں۔ طلبہ کے مطابق، “بس منصوبے کے باعث حادثات میں اضافہ ہوا ہے، ہمیں مجبوری میں گروپ بنا کر سڑک عبور کرنی پڑتی ہے، حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔”
پراجیکٹ حکام کا کہنا ہے کہ کے فور اسکیم کراچی کے پانی کے بحران کے مستقل حل کے لیے شہر کی سب سے بڑی واٹر سپلائی اپ گریڈ ہے، جس کے مکمل ہونے کے بعد شہر میں پانی کی فراہمی بہتر ہو جائے گی۔ تاہم فی الحال شہریوں کو ٹریفک جام اور طویل سفر کی مشکلات برداشت کرنا ہوں گی۔