وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس
یوتھ ویژن نیوز : (محمد عباس سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا دھند اور ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی ہدایت۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے مختلف شہروں میں دھند اور دیگر وجوہات کے باعث پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے خصوصاً پسرور ڈسکہ روڈ پر ٹرالی الٹنے کے افسوسناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کے جاں بحق ہونے پر سوگوار لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تاریخی اقدام: پنجاب میں ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام کا آغاز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر انسانی جان نہایت قیمتی ہے اور سڑکوں پر معمولی لاپرواہی بھی بڑے سانحات کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریفک قوانین، خصوصاً اسپیڈ لمٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی پاسداری ہی انسانی جانوں کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
دھند کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت احتیاط کئی قیمتی جانوں کو محفوظ بنا سکتی ہے۔