’کال آف ڈیوٹی‘ کے شریک خالق ونس زیمپیلا کار حادثے میں انتقال کر گئے

’کال آف ڈیوٹی‘ کے شریک خالق ونس زیمپیلا کار حادثے میں انتقال کر گئے

معروف ویڈیو گیم سیریز کال آف ڈیوٹی کے شریک خالق ونس زیمپیلا امریکی ریاست کیلیفورنیا میں پیش آنے والے ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ 55 سالہ ونس زیمپیلا کی موت کی تصدیق Electronic Arts نے کی، جو ان کے قائم کردہ گیم اسٹوڈیو Respawn Entertainment کی مالک ہے۔ حکام کے مطابق حادثہ لاس اینجلس کی ایک شاہراہ پر پیش آیا، جہاں فیراری گاڑی سڑک سے بے قابو ہو کر کنکریٹ رکاوٹ سے ٹکرا گئی اور آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود دونوں افراد جانبر نہ ہو سکے۔

الیکٹرانک آرٹس کے ترجمان نے ونس زیمپیلا کے انتقال کو گیمنگ انڈسٹری کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ اور مداحوں سے اظہارِ تعزیت کیا۔ ونس زیمپیلا نے 2003 میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ کال آف ڈیوٹی سیریز کی بنیاد رکھی، جو دوسری عالمی جنگ سے متاثر ہو کر تیار کی گئی اور بعد ازاں دنیا کی سب سے کامیاب گیمنگ فرنچائزز میں شامل ہو گئی۔ اس سیریز کی 500 ملین سے زائد کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں، جس نے Activision کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلایا۔

کال آف ڈیوٹی کے علاوہ ونس زیمپیلا نے Medal of Honor ، Titanfall اور Apex Legends جیسے مقبول گیمز کی تیاری میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ گیمنگ حلقوں میں انہیں ایک بصیرت افروز رہنما اور کھلاڑیوں کے تجربے کو اولین ترجیح دینے والا تخلیق کار قرار دیا جاتا ہے، جبکہ ان کے انتقال کو صنعتِ گیمنگ کے ایک سنہرے دور کے اختتام سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں