اسپیکر ایاز صادق سے امریکی کانگریس کے وفد کی ملاقات، پارلیمانی تعاون کے فروغ پر زور

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق امریکی کانگریس کے وفد کے ہمراہ گروپ فوٹو

یوتھ ویژن نیوز : (علی رضا ابراہیم سے) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے امریکی کانگریس کے وفد کی ملاقات، پاک۔امریکہ پارلیمانی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق۔

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے امریکی کانگریس کے ارکان مائیکل جیمز باؤمگارٹنر اور ریان زنکے نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، علاقائی امن اور سفارتی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے امریکی کانگریس کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی سفارتکاری کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔

پارلیمانی روابط کے فروغ پر زور

اسپیکر قومی اسمبلی نے اس بات پر زور دیا کہ پاک۔امریکہ پارلیمانی روابط کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام اور منتخب اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مسلسل مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے۔ ان کے مطابق حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان نے تحمل، مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے ہر ممکن سفارتی کوشش کی حمایت کی، کیونکہ پاکستان تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری کو ہی مؤثر ذریعہ سمجھتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق امریکی کانگریس کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے
اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق امریکی کانگریس کے ارکان سے ملاقات کر رہے ہیں۔

امریکی وفد نے پاکستان کے کردار کو سراہا

امریکی کانگریس کے ارکان نے پرتپاک استقبال پر اسپیکر سردار ایاز صادق کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔ وفد نے ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی متوازن اور سفارتی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق امریکی کانگریس کے وفد سے تبادلہ خیال کرتے ہویے
اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق امریکی کانگریس کے ارکان سے ملاقات کر رہے ہیں۔

دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے پاک۔امریکہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، اقتصادی روابط اور باہمی مفادات پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر پاکستان میں تعینات امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر بھی ملاقات میں موجود تھیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق امریکی کانگریس کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے

اپنا تبصرہ بھیجیں