چیئرمین سینیٹ سے چینی سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی شیڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے

یوتھ ویژن نیوز : (علی رضا سے) -چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے چینی سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر زور

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں شیڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کمپنی لمیٹڈ (SDHS) اور تبانی گروپ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر، توانائی، لاجسٹکس، ٹرانسپورٹ اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفد کی قیادت شیڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کے چیئرمین مسٹر شو ژیانگ نے کی، جبکہ کنٹری ڈائریکٹر مسٹر وانگ ژین رونگ اور تبانی گروپ کے چیئرمین حمزہ تبانی بھی وفد میں شامل تھے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی شیڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی شیڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ اور تبانی گروپ کے وفد سے ملاقات کر رہے ہیں۔

پاک۔چین دوستی کو لازوال قرار

وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور غیر متزلزل تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور پاکستانی عوام اس دیرینہ دوستی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی شیڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کے وفد سے مصحافہ کر رہے ہیں
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی شیڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ اور تبانی گروپ کے وفد سے مصحافہ کر رہے ہیں۔

چینی سرمایہ کاری سے اقتصادی ترقی کو فروغ

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، معیشت مضبوط ہو رہی ہے اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ برسوں میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون مزید وسعت اختیار کرے گا۔

سی پیک کو تاریخی منصوبہ قرار

سید یوسف رضا گیلانی نے چین۔پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو دونوں ممالک کی تزویراتی شراکت داری کی روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے نے علاقائی روابط، اقتصادی انضمام اور طویل المدتی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔

SIFC کے کردار پر زور

انہوں نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) سرمایہ کاری کے فروغ، اقتصادی استحکام اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک اہم قومی اقدام ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سینیٹ سرمایہ کار دوست قانون سازی اور شفاف کاروباری ماحول کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

چینی وفد کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان

شیڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کے وفد نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر، تیز رفتار ریل، ایکسپریس ویز، توانائی، لاجسٹکس اور صنعتی ترقی کے منصوبوں میں عالمی سطح کا وسیع تجربہ رکھتی ہے اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں طویل المدتی شراکت داری جاری رکھنا چاہتی ہے۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے پاک۔چین تزویراتی شراکت داری، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون اور انفراسٹرکچر کی ترقی کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں