قائداعظم نامی شہری کا شناختی کارڈ بلاک، پشاور ہائیکورٹ نے ڈی پورٹیشن روک دی

پشاور ہائیکورٹ میں قائداعظم نامی شہری کے شناختی کارڈ بلاک ہونے کے کیس کی سماعت

یوتھ ویژن نیوز :(عمران قذافی سے)- پشاور ہائیکورٹ نے قائداعظم نامی شہری کا شناختی کارڈ بلاک کیے جانے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک درخواست گزار کی دبئی سے ڈی پورٹیشن روکنے کا حکم جاری کر دیا۔

پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس وقار احمد اور جسٹس عنایت اللہ خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی، جس میں درخواست گزار کے قومی شناختی کارڈ (CNIC) کی بندش اور بیرون ملک درپیش قانونی مسائل پر دلائل دیے گئے۔

شناختی کارڈ بلاک ہونے سے کاروبار متاثر، وکیل

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل کا پاکستان اور دبئی میں کاروبار ہے، تاہم نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ بلاک کیے جانے کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ شناختی کارڈ کی بندش کے باعث درخواست گزار کے کاروباری اور سفری معاملات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

نادرا کا مؤقف

سماعت کے دوران ڈائریکٹر لیگل نادرا نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کا شناختی کارڈ مشکوک ہونے کی بنیاد پر بلاک کیا گیا ہے، جس کی جانچ پڑتال جاری ہے۔

نادرا کے مطابق شناختی دستاویزات کی تصدیق مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔

عدالت کا حکم

پشاور ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت تک درخواست گزار کی دبئی سے ڈی پورٹیشن روکنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ درخواست گزار نادرا بورڈ کے سامنے پیش ہوں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ نادرا بورڈ کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کیس کے حقائق کا جائزہ لے کر آئندہ سماعت پر فیصلہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں