بھارت خطے اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہے، کشمیر تنازع پر بیان حقائق کے منافی ہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی عمارت، بھارتی وزیر دفاع کے کشمیر سے متعلق بیان پر پاکستان کا ردعمل

اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہ کرنے پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرایا جائے، عالمی برادری سے مطالبہ

یوتھ ویژن نیوز 🙁 اسلام آباد)- ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے جموں و کشمیر تنازع سے متعلق حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی ہے، جبکہ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جموں و کشمیر کا تنازع آج بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے اور اس کا منصفانہ و پائیدار حل سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے مطابق ہونا چاہیے۔

بھارت کے بیانات حقائق کے منافی قرار

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا حالیہ بیان زمینی حقائق کے برعکس ہے اور اس کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور خطے میں جاری دیگر مسائل سے توجہ ہٹانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایسی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرات پیدا کر رہی ہے۔

پاکستان کے دفاعی عزم کو کمزور نہ سمجھا جائے

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ بھارت پاکستان کے دفاعی عزم اور صلاحیت کو ہرگز کمزور نہ سمجھے۔

ترجمان نے کہا کہ آپریشن "بنیان المرصوص” کے دوران پاکستانی مسلح افواج اور قوم نے بھارتی مہم جوئی کا مؤثر اور بھرپور جواب دے کر اپنے دفاعی عزم کا عملی مظاہرہ کیا تھا۔

اقوام متحدہ سے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ

ترجمان دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے رویے کا نوٹس لے اور جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہرائے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں