ٹرمپ کی جانب سے بڑی خوشخبری: آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی ختم، ایران کے ساتھ کئی نکات پر اتفاق

آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی ختم، ایران کے ساتھ کئی نکات پر اتفاق

واشنگٹن ڈی سی (یوتھ ویژن نیوز) – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور بحری راستے کی بحالی کے حوالے سے ایران کے ساتھ اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز میں امریکا کی ایرانی بحریہ کی ناکہ بندی ختم کی جا رہی ہے۔ وہاں پھنسے جہازوں اور ان کے عملے کو اب اپنے گھروں کو واپسی کی تیاری کرنی چاہیے۔

آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی ختم، ایران کے ساتھ کئی نکات پر اتفاق

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اس بات کو یقینی بنائے گا کہ آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کی بلا تعطل روانی برقرار رہے اور وہاں کسی بھی قسم کا ٹول یا اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

بارودی سرنگیں تباہ اور جوہری تنصیبات پر حملے کا دعویٰ

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں بچھائی گئی متعدد بحری بارودی سرنگیں امریکی مائن سوئپرز پہلے ہی تباہ کر چکے ہیں، جبکہ باقی ماندہ سرنگیں ایران فوری طور پر ہٹائے گا یا تباہ کر دے گا۔ انہوں نے امریکی بحریہ کی کارروائی کو ‘عظیم’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی تجارت اور توانائی کی سپلائی کو محفوظ بنانے کے لیے یہ اقدامات ضروری تھے۔

اپنی پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بھی بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 11 ماہ قبل امریکی بی 2 بمبار طیاروں کے حملے میں زیرِ زمین پہاڑوں کے نیچے موجود افزودہ یورینیم کا ذخیرہ تباہ ہو گیا تھا۔ ان کے مطابق امریکا، چین، ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے تعاون سے اس نیوکلیئر ملبے کو زمین سے نکال کر مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔

ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ تاحکمِ ثانی کوئی مالی لین دین نہیں ہوگا، البتہ کم اہمیت کے حامل دیگر معاملات پر اتفاق ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو اس بات پر اتفاق کرنا ہوگا کہ وہ کبھی بھی جوہری ہتھیار یا ایٹم بم حاصل نہیں کرے گا۔ اس حوالے سے حتمی فیصلے کے لیے وہ وائٹ ہاؤس کے سچوئیشن روم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں