وزیراعظم کی ہدایت: چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار و صنعتوں کو حکومتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جائے
اسلام آباد (یوتھ ویژن نیوز) – وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برآمدات پر مبنی صنعت کو ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتوں کو حکومتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات میں اضافے سے متعلق حکمت عملی پر اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا۔
اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکاء
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
نئے کاروباروں کے فروغ پر حکمت عملی
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسے نئے کاروباروں اور صنعتوں کے فروغ کے لیے حکمت عملی بنائی جائے جو ملکی برآمدات میں اضافے کا باعث بنیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ برآمدات میں اضافے اور صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔
چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کے لیے سہولیات
وزیراعظم نے مزید ہدایت دی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتیں، جو برآمدات میں اضافے کے لیے اہم ہیں، انہیں حکومتی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ صنعت اور تجارت میں تحقیق و ترقی (R&D) اور جدت طرازی (Innovation) ملکی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں مسابقت دلانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادائیگی کی ہدایت
وزیراعظم نے برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادائیگی کی بھی ہدایت کی، تاکہ انہیں مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ اپنے کاروبار کو بڑھا سکیں۔
بریفنگ اور سفارشات
اجلاس میں ملکی برآمدات بڑھانے سے متعلق حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ پالیسی کے مسودے پر تفصیلی بحث ہوئی اور شرکا نے اپنی آراء اور تجاویز پیش کیں۔
ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں اس حوالے سے ایک جامع پالیسی تیار کر کے اس پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔