آئی ایم ایف کی شرائط مکمل، پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالر قسط کی منظوری متوقع

آئی ایم ایف پاکستان ک لوگو کی نمایاں تصویئر

یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) International Monetary Fund کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط مکمل کر لی ہیں جس کے بعد اس پیش رفت کو ملکی معیشت کیلئے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

اقتصادی جائزہ اور پروگرام کی پیش رفت

اجلاس میں پاکستان کیلئے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت تیسرے اقتصادی جائزے کی منظوری متوقع ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) پروگرام کے دوسرے جائزے کی منظوری بھی زیر غور آئے گی۔ یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 27 مارچ کو طے پایا تھا، جس کے بعد یہ اجلاس ایک اہم مرحلہ سمجھا جا رہا ہے۔

پیٹرولیم لیوی اور حکومتی مالی حکمت عملی

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1468 ارب روپے کے مقررہ ہدف سے زیادہ وصولی کا امکان ہے، جبکہ حکومت اس لیوی میں مزید اضافے پر بھی غور کر رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام مالی خسارے کو کم کرنے اور آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط پوری کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

سبسڈی پالیسی اور مہنگائی سے متعلق صورتحال

آئی ایم ایف نے حکومت پر سبسڈی ختم کرنے اور مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے پر زور دیا ہے، جبکہ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ معیشت میں بہتری آ رہی ہے اور مہنگائی میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق ان اقدامات کے عوام پر براہ راست اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں، خاص طور پر توانائی کی قیمتوں کے حوالے سے۔

علاقائی کشیدگی اور معاشی خطرات

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث پاکستان کو معاشی خطرات کا سامنا بدستور ہے، جس کے پیش نظر حکومت نے آئی ایم ایف کو مالی نظم و ضبط جاری رکھنے اور اصلاحاتی اقدامات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی ہے۔

معاشی استحکام اور مستقبل کی توقعات

ماہرین کے مطابق اگر آئی ایم ایف کی جانب سے 1.2 ارب ڈالر کی قسط منظور ہو جاتی ہے تو اس سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بہتری آئے گی اور عالمی مالیاتی اداروں کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔ تاہم طویل مدتی استحکام کیلئے اصلاحات کے تسلسل کو برقرار رکھنا ناگزیر ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں