وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ایرانی ہم منسب سے ٹیلی فونک رابطہ، مذاکرات اور علاقائی امن پر تبادلہ خیال
یوتھ ویژن نیوز : (اسلام آباد ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقیچی سے اہم ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں پاکستان ایران سفارتی تعلقات، جاری مذاکرات اور خطے میں امن کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس رابطے کو ایران امریکہ کشیدگی کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
علاقائی امن اور استحکام کیلئے مسلسل بات چیت کی ضرورت
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اور خطے میں پائیدار امن کیلئے زیر التوا مسائل کو جلد از جلد حل کرنا ضروری ہے، جس کیلئے مسلسل مذاکرات اور سفارتی رابطے ناگزیر ہیں، انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مکالمہ ہی کشیدگی میں کمی اور استحکام کا مؤثر ذریعہ ہے۔
دوطرفہ رابطہ کاری اور سفارتی تعاون میں پیش رفت
ملاقات کے دوران پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات، سفارتی رابطوں اور جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے رابطوں کو مزید بڑھانے اور علاقائی سطح پر امن کی کوششوں کو تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا، جس سے پاکستان کی سفارتی حکمت عملی مزید واضح ہوتی ہے۔
پاکستان کا کردار اور سفارتی کوششیں
ماہرین کے مطابق اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کے درمیان یہ رابطہ پاکستان کے اس کردار کو ظاہر کرتا ہے جو وہ ایران امریکہ مذاکرات اور خطے میں استحکام کیلئے ادا کر رہا ہے، جبکہ پاکستان کی کوشش ہے کہ کشیدگی میں کمی لا کر مذاکرات کو آگے بڑھایا جائے۔