ٹرمپ نے پاکستان کی تجویز مان لی، 15 دن کی جنگ بندی اور اسلام آباد مذاکرات پر رضامندی

شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارت کاری سے بڑی پیش رفت، ایران امریکا مذاکرات 10 اپریل سے اسلام آباد میں متوقع

یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے)اسلام آباد:ٹرمپ نے پاکستان کی تجویز مانتے ہوئے 15 دن جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کردی، ایران امریکا مذاکرات 10 اپریل سے اسلام آباد میں متوقع۔

پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ بحران میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی تجویز پر دو ہفتے (تقریباً 15 دن) کی جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے رابطوں کے بعد سامنے آئی، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں براہِ راست مذاکرات پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

اسلام آباد میں مذاکرات 10 اپریل سے شروع ہونے کا امکان

رپورٹس کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات 10 اپریل سے اسلام آباد میں شروع ہونے کا امکان ہے، جو ابتدائی طور پر 15 دن تک جاری رہ سکتے ہیں۔ اس سفارتی عمل کا بنیادی مقصد ایک حتمی اور دیرپا امن معاہدہ طے کرنا ہے، جس میں آبنائے ہرمز کی محفوظ بحالی، جنگ بندی اور علاقائی استحکام کے نکات شامل ہوں گے۔

ٹرمپ نے کارروائی دو ہفتے کیلئے معطل کردی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف مجوزہ کارروائی دو ہفتوں کیلئے معطل کی جا رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان کی جانب سے پیش کردہ فریم ورک اور ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو محفوظ انداز میں کھولنے کی یقین دہانی سے مشروط ہے۔ اسی بنیاد پر اسے دو طرفہ سیز فائر کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ایران نے بھی جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کردی

ایرانی ذرائع اور بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق تہران نے بھی پاکستان کی ثالثی میں سامنے آنے والی جنگ بندی تجویز کو اصولی طور پر قبول کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب دونوں فریق ایک منظم سفارتی ٹریک پر متفق دکھائی دے رہے ہیں۔

خطے میں دیرپا امن کی امید

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر اسلام آباد مذاکرات کامیاب رہے تو یہ صرف موجودہ جنگ بندی ہی نہیں بلکہ طویل المدتی امن معاہدے کی بنیاد بھی بن سکتا ہے، جس کے اثرات عالمی تیل منڈی، خلیجی سلامتی اور خطے کی مجموعی سیاست پر مرتب ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں