اسلام آباد پولیس میں الیکٹرک وہیکلز کا آغاز، شہباز شریف نے صوبوں کو بھی تقلید کی ہدایت کردی
یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے) اسلام آباد میں جدید اور ماحول دوست پولیسنگ کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کیپٹل ٹریفک پولیس کیلئے الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مسلسل بلند سطح پر ہیں، برقی گاڑیوں کا استعمال قیمتی زرِمبادلہ کی بچت اور قومی معیشت کے استحکام کیلئے نہایت اہم قدم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی صوبوں اور اداروں کو تجویز
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی یہ پیش رفت تمام صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک بھر میں پولیس اور دیگر ادارے ای وی ٹیکنالوجی اپنائیں تو نہ صرف فیول امپورٹ بل کم ہوگا بلکہ ماحول دوست پالیسیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
پہلے مرحلے میں 15 گاڑیوں کی فراہمی
آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر 15 ایکو اسمارٹ الیکٹرک وہیکلز ٹریفک پولیس کے فلیٹ میں شامل کی گئی ہیں، جبکہ جلد مزید 15 گاڑیاں بھی شامل ہوں گی۔ یہ گاڑیاں شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک روانی بہتر بنانے اور فوری رسپانس کیلئے تعینات رہیں گی۔
فی گاڑی لاکھوں روپے ماہانہ بچت
بریفنگ کے مطابق ہر گاڑی مکمل چارج پر 350 سے 400 کلومیٹر تک سفر کر سکتی ہے۔ فاسٹ چارجنگ 60 سے 90 منٹ جبکہ نارمل چارجنگ 6 سے 8 گھنٹے میں مکمل ہوگی۔ حکام نے بتایا کہ ان گاڑیوں کے استعمال سے فی گاڑی ماہانہ تقریباً 5 لاکھ 50 ہزار روپے کی بچت ہوگی اور 13 سے 14 ماہ میں یہ اپنی لاگت پوری کر لیں گی۔
قومی معیشت اور ماحول دونوں کیلئے فائدہ
ماہرین کے مطابق پولیس فلیٹ میں الیکٹرک وہیکلز کی شمولیت نہ صرف ایندھن کے اخراجات کم کرے گی بلکہ کاربن اخراج میں کمی کے ذریعے ماحولیات کے تحفظ میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔ حکومت پہلے ہی توانائی بچت اور فیول اکانومی پالیسی پر کام کر رہی ہے، اور یہ اقدام اسی وژن کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔