فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا بہاولپور گیریژن دورہ،جدید ٹیکنالوجی اور فوجی مشقوں کا عملی مظاہرہ
یوتھ ویژن نیوز : (علی رضا سے) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا، پاک فوج کی ٹیکنالوجی اور ملکی سالمیت کے دفاع میں مکمل تیاری کا جائزہ لیا۔
بہاولپور۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا اور ملکی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی، جس میں کور کی مجموعی آپریشنل تیاریوں اور جنگی چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی کا جائزہ شامل تھا۔
دورہ کے دوران فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاک افواج وطن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور میدانِ جنگ میں اعلیٰ سطح کی تیاری لازمی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج مختلف شعبوں میں تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں اور ٹیکنالوجی کی ترقی نے جنگی حکمت عملی کو نئی سمت دی ہے، جس کے نتیجے میں ہر سطح پر فکری اور عملی تبدیلی ناگزیر ہو گئی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، مضبوط اور عوام دوست پولیس فورس پر زور
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے خیرپور ٹامیوالی میں فیلڈ ایکسرسائز "اسٹیڈ فاسٹ ریزولو” کا مشاہدہ کیا، جس میں نگرانی سسٹم، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ مشق ٹیکنالوجی پر مبنی ملٹی ڈومین آپریشنز میں پاک افواج کی بڑھتی صلاحیتوں کی عکاس ہے۔
فیلڈ مارشل نے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور مکمل آپریشنل تیاری کی تعریف کی اور کہا کہ ٹیکنالوجی اور تربیت کے امتزاج سے پاک فوج ہر چیلنج کا مؤثر جواب دینے کے لیے تیار ہے۔