سانحہ گل پلازہ :سندھ حکومت نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے فی خاندان 1 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کر دیا

گل پلازہ سانحہ، سندھ حکومت کے اہل خانہ کے لیے امداد کا اعلان

یوتھ ویژن نیوز : ( امجد محمود بھٹی سے) سانحہ گل پلازہ: سندھ حکومت نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے فی خاندان 1 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کر دیا۔

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گل پلازہ میں ہونے والے آتشزدگی کے سانحے کے متاثرین کے لیے بحالی کے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی خاندان ایک کروڑ روپے کی امداد دے گی، جو کل سے فراہم کرنا شروع کر دی جائے گی۔

کراچی گل پلازہ آتشزدگی، آگ پر قابو، 15 جاں بحق، 73 افراد تاحال لاپتہ

وزیراعلیٰ سندھ نے گل پلازہ میں پیش آنے والے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ واقعے میں تاحال تخریب کاری کا کوئی ثبوت نہیں ملا، تاہم اگر شواہد ملیں تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث رات 10 بجکر 10 منٹ پر لگی، جس میں 15 افراد جاں بحق، 65 لاپتہ اور 22 زخمی ہوئے، جبکہ تقریباً 80 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق عمارت کا تقریباً 40 فیصد حصہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور اسے برقرار رکھنا مشکل ہے، امکان ہے کہ اسے گرانا پڑے۔

انہوں نے آگ پر 90 فیصد قابو پانے کی تصدیق کی اور بتایا کہ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 26 گاڑیاں، 4 اسنارکلز اور 100 فائر فائٹرز نے حصہ لیا، اس دوران فائر فائٹر فرقان شہید ہوئے، جن کی چند روز قبل شادی ہوئی تھی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے میئر کراچی کو فرقان شہید کے اہل خانہ کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت دی اور کمشنر کراچی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا، جس میں ڈی آئی جی کراچی معاونت کریں گے۔

انکوائری کمیٹی کا مقصد غلطیوں کی نشاندہی اور اصلاح ہے، کسی کو قربانی کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ لاہور کی فرانزک لیب سے بھی تعاون حاصل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرہ تاجروں کو متبادل جگہ فراہم کرنے، اور کاروبار دوبارہ قائم کرنے کے لیے تجاویز طلب کرنے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ گل پلازہ سانحے پر مبالغہ آرائی سے گریز کیا جائے، کیونکہ اصل وجوہات تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں