امریکی صدر کا فوجی بجٹ میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوجی بجٹ میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے دفاعی اخراجات 1.5 کھرب ڈالر تک بڑھانے کی تجویز دے دی۔
یوتھ ویژن نیوز : (عمران قذافی سے) صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی دفاعی بجٹ 1.5 کھرب ڈالر تک بڑھانے کی تجویز پیش کردی۔
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوجی بجٹ میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے دفاعی اخراجات کو 2027 تک 1.5 کھرب ڈالر تک بڑھانے کی تجویز دے دی ہے۔ بی بی سی کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا کو اس وقت انتہائی خطرناک عالمی حالات کا سامنا ہے، جس کے باعث فوجی طاقت میں غیر معمولی اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دفاعی بجٹ 901 ارب ڈالر ہے، جسے امریکی کانگریس نے گزشتہ سال دسمبر میں منظور کیا تھا، تاہم مجوزہ اضافے کے بعد یہ بجٹ پچاس فیصد بڑھ جائے گا۔ صدر ٹرمپ کے مطابق اس اقدام سے امریکا ایک “ڈریم ملٹری” تشکیل دے سکے گا جو ہر ممکن خطرے سے ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو گی۔
امریکی فوجی بجٹ کو 1.5 کھرب ڈالر تک بڑھانے کی تجویز
صدر ٹرمپ نے دفاعی سازوسامان تیار کرنے والی کمپنیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان کمپنیوں کی سرگرمیوں، ترسیل کے وعدوں اور نئے کارخانوں کے قیام کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دیکھا جائے گا کہ آیا کمپنیاں واقعی ہتھیاروں کی پیداوار میں تیزی لا رہی ہیں یا محض منافع اور شیئر ہولڈرز کی ادائیگیوں پر توجہ دے رہی ہیں۔
اس اعلان کے بعد امریکی دفاعی سازوسامان بنانے والی بڑی کمپنیوں، جن میں لاک ہیڈ مارٹن، نارتھروپ گرومن اور ریتھیون شامل ہیں، کے شیئرز نیویارک اسٹاک مارکیٹ میں پانچ فیصد سے زائد بڑھ گئے۔
امریکی فوجی بجٹ میں اضافہ
معاشی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کے اخراجات اور آمدنی کے درمیان فرق خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے، تاہم صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت درآمدات پر عائد ٹیرف کے ذریعے اضافی آمدنی حاصل کر رہی ہے، جس سے یہ بجٹ باآسانی پورا کیا جا سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے دفاعی کمپنیوں کے سربراہان کی بھاری تنخواہوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ایگزیکٹو کو پانچ لاکھ ڈالر سے زیادہ کمانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنیوں کو منافع کی بجائے پیداوار اور جدید کارخانوں میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔