وزیراعظم اور سعودی سفیر کی ملاقات، علاقائی اور عالمی پیش رفت پر گفتگو
یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے) وزیراعظم سے سعودی سفیر کی ملاقات اسلام آباد میں ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور حالیہ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عرب کے وزیراعظم و ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، جس کے باعث دونوں ممالک ایک دوسرے کے مزید قریب آئے۔
وزیراعظم نے رواں سال کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کا حوالہ دیا جنہیں نتیجہ خیز قرار دیا گیا اور جنہوں نے پاک سعودی تعلقات کو نئی سطحوں تک لے جانے میں کردار ادا کیا۔
انہوں نے ضرورت کے وقت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں اس کے تعمیری کردار کو سراہا۔
ملاقات کے دوران حالیہ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے امن و استحکام برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
سعودی سفیر نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم کو تہنیتی پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔