بہاولپور میں سکیورٹی ہائی الرٹ—عبادت گاہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات
یوتھ ویژن نیوز : (خصؤصی رپورٹ سیف الرحمن سے) بہاولپور پولیس نے اتوار کو مسیحی عبادت گاہوں پر فول پروف سکیورٹی تعینات کی، ڈی پی او نے گشت سخت کرنے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت دی۔
بہاولپور پولیس نے اتوار کے روز مسیحی عبادت گاہوں پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کرتے ہوئے سینکڑوں پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے، جبکہ ضلع بھر کے سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے سکیورٹی پلان کے مطابق ڈیوٹی پوائنٹس کا معائنہ کرتے ہوئے اہلکاروں کو ڈیوٹی کی حساسیت پر بریف کیا اور ہر وقت الرٹ رہنے کی ہدایت دی۔
سکیورٹی اسکیننگ آلات کی انسٹالیشن، ورکنگ اور جامعہ تلاشی کے عمل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، جب کہ سول لائنز اور دیگر علاقوں میں سکیورٹی عملے کے ساتھ معاون اداروں نے بھی اردگرد کے ماحول اور غیر متعلقہ افراد کی نقل و حرکت پر قریبی نظر رکھی۔ ضلع بھر میں قیام امن کے پیشِ نظر داخلی و خارجی راستوں پر جرائم پیشہ عناصر کی روک تھام کے لیے موثر سنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ ڈی پی او محمد حسن اقبال نے تمام ایس ایچ اوز اور پٹرولنگ افسران کو ہدایت کی کہ اقلیتی عبادت گاہوں کے اطراف گشت بڑھایا جائے، مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی جائے اور غیر متعلقہ سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور میں اقلیتی برادری سمیت تمام شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اس لیے عبادت گاہوں میں سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔