کوپیئر(COPAIR) تھنک ٹینک کے زیر اہتمام پناہ گاہوں کے حوالے سےسیمینار کا انعقاد

اسلام آباد (عثمان صادق سے ) گزشتہ روز کوپیئر(COPAIR) تھنک ٹینک کے زیر اہتمام پناہ گاہوں کے حوالے سے منعقدہ ایک ڈائیلاگ میں نسیم الرحمن نے بتایا کہ پناہ گاہ احساس پروگرام کے تحت وزیراعظم کا غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ایک بہت بڑا پراجیکٹ ہے۔ ڈائیلاگ کا اہتمام کوپیئر کے ہیڈ آفس اسلام آباد میں ہوا جس میں شرکا نے پناہ گاہوں کے قیام پر حکومت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم کے فوکل پرسن نسیم الرحمن تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کسی ضرورت مند کو کھانا کھلانا اور چھت مہیا کرنا ہمارے مذہب کی بنیادی تعلیمات میں سے ہے اور پراجیکٹ کا مقصد بھکاری پیدا کرنا نہیں بلکہ ہم مزدور پیشہ افراد کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کیلئے پناہ گاہوں میں جدت لا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم ریاست مدینہ کی جن اقدار کی بات کرتے ہیں وہ ترقی پسند معاشرے کی بنیادی اساس ہیں اور وہ انھی اقدار کو معاشرے میں پروان چڑھانے کی بات کرتے ہیں۔ پناہ گاہیں ملک بھر میں ہزاروں ضرورت مند لوگوں کو روزانہ کی بنیاد پر نہ صرف مفت رہائش اور کھانے کی سہولیات مہیا کر رہی ہیں بلکہ یہاں اچھا شہری بننے کی تربیت کرنے کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ گاہے بگاہے مختلف سکالرز پناہ گاہ کے مکینوں کو اچھے شہری کی ذمہ داریوں پر آگاہی دیتے ہیں۔ نیم خواندہ اور نیم ہنر مند افراد کو پناہ گاہ کے پلیٹ فارم پر فنی تربیت فراہم کرنے والے اداروں کے تعاون سے چند پروگرام بھی عنقریب شروع کئیے جائیں گے۔ وزیر اعظم کے فوکل پرسن نے بتایا کہ سرد موسم کے پیش نظر پناہ گاہوں میں رش بڑھ گیا ہے جس کی بنا پر جڑواں شہروں میں ایک سے دوسری پناہ گاہ منتقلی کیلئے شٹل سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گرم پانی بھی مہیا کر دیا گیا ہے۔ نسیم الرحمن نے ڈویلپمنٹ جرنلزم اور بامقصد جرنلزم کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ میڈیا کو گورنمنٹ کے اچھے کاموں کی پزیرائی بھی کرنی چاہئیے۔ ڈائیلاگ میں متعدد اخبارات کے مدیران، سماجی شخصیات اور اکیڈمیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ انھوں نے ڈائیلاگ میں شرکت کی دعوت دینے پر کوپیئر کی چیئرپرسن آمنہ ملک کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں