سعودی عرب میں تبلیغی جماعت پرپابندی،مولاناطارق جمیل کی سعودی سفیرسےاہم ملاقات

اسلام آباد ۔(عمران قذافی سے )سعودی عرب میں تبلیغی جماعت پر پابندی عائد کیے جانے کی خبروں کے تناظر میں معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے علما کے ایک وفد کے ہمراہ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے ساتھ ملاقات کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مولانا طارق جمیل کے اکاﺅنٹ سے بتایا گیا ہے کہ علما کے وفد کی اس ملاقات میں سعودی سفیر کو دعوت و تبلیغ کی محنت، دینی خدمات اور اس کے عالمی اثرات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ مولانا طارق جمیل کے علاوہ اس وفد میں مفتی عبدالرحیم اور مولانا طاہر اشرفی بھی شامل تھے واضح رہے کہ سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور نے چند ہفتے قبل ٹوئٹر پر کسی بھی تنظیم کا نام لیے بغیر اس پر پابندی کا اشارہ دیا تھا۔ سعودی وزارت کی طرف سے اپنی ٹویٹ میں تبلیغ کو ’دہشت گردی کے دروازوں میں سے ایک دروازہ‘ قرار دیا گیا تھا۔ اسلامی امور کے وزیر ڈاکٹر عبداللطیف شیخ نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ مساجد کے امام اور خطیب جمعہ کے خطبوں میں لوگوں کو تبلیغی جماعت اور اس کی سرگرمیوں کے حوالے سے متنبہ کریں۔“

سعودی وزیرڈاکٹر عبداللطیف شیخ کی طرف سے مزید کہا گیاتھا کہ ”امام اور خطیب اپنے خطبات میں لوگوں کو اس گروہ کے اسلام سے انحراف، گمراہ کن خیالات اور ان کی سنگین غلطیوں سے آگاہ کریں اور لوگوں کو بتائیں کہ اس گروپ سے کسی بھی طرح کی وابستگی رکھنا ممنوع ہے۔“

اپنا تبصرہ بھیجیں