سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی دعوت پرسعودی پارلیمانی وفد کل تین روزہ دورے پراسلام آباد پہنچے گا
اسلام آباد(عمران قذافی سے ):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی دعوت پر سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ کی قیادت میں سعودی پارلیمانی وفد (کل)بدھ کوپاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پراسلام آباد پہنچے گا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سعودی پارلیمانی وفد اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کے علاوہ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور پاکستان کی سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔
ان ملاقاتوں میں بین الپارلیمانی روابط، دوطرفہ تعلقات، علاقائی ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سعودی پارلیمانی وفد کے اس دورے کو تبدیلی کا محرک قرار دیا جا رہا ہے اور اس سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ حاصل ہوگا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان سیاسی اور پارلیمانی تعاون اور ہم آہنگی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی ۔