آسان شرائط پر قرضہ سکیم کے تحت 18 ہزار 7سو سے زائد نوجوانوں کو کاروبار کے لئے 27.4 ارب روپے تقسیم کر دیے
اسلام آباد۔ (عاقب ابراہیم غوری سے ):کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے کاروبار کے لئے آسان شرائط پر قرضہ سکیم کے ذریعے 18746افراد میں 27.4 ارب روپے تقسیم کرکے 36491 افراد کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں ۔ ’’یوتھ ویژن نیوز‘‘کو دستیاب دستاویزات کے مطابق کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کا عمل جاری ہے ۔
کامیاب جوان قرضہ سکیم کے تحت اب تک 12 لاکھ 71 ہزار 647 نوجوانوں نے کاروبار کے لئے قرضہ کے حصول کے لئے آن لائن درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ ان میں سے مختلف وجوہات کی بنا پر 7لاکھ 77ہزار 386درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں جبکہ 4لاکھ 70ہزار 611درخواستوں پر کارروائی جاری ہے ۔ 23ہزار 650درخواستوں کو منظور کیا گیا ہے ۔
اب تک 18ہزار 746درخواستوں پر 27.4ارب روپے کا کاروبار کے لئے آسان شرائط پر قرضہ دیا گیا ہے ۔ کاروبار کے لئے قرضہ کے ذریعے 36ہزار 491نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع میسر آئے ہیں ۔ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کو ایک لاکھ سے اڑھائی کروڑ روپے تک آسان شرائط پر قرضہ فراہم کر رہاہے ۔
مختلف بینکوں کے ذریعے نوجوانوں کو یہ قرضہ فراہم کیا جارہا ہے ۔ سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نوجوانوں کو اپنے پائوں پر کھڑاکرنے کے لئے آسان شرائط پر قرضہ فراہم کر رہی ہے ۔
نوجوان آسان شرائط پر قرضہ حاصل کر کے نہ صرف اپنا کاروبار کر کے خود اپنے پائوں پر کھڑے ہوتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہیں ۔ اس پروگرام کے ذریعے قرضوں کی فراہمی میں بلا تخصیص میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایاجارہاہے ۔