گلوبل ڈگنٹی تنظیم کی صدرجیوانا منگریلی گورنرپنجاب سےملاقات

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں گلوبل ڈگنٹی (Global Dignity)تنظیم کی صدر جیوانا منگریلی (Giovanna Mingarelli) نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔جیوانا منگریلی کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو (Justin Trudeau)کی نوجوانوں اور خواتین کے ترقیاتی منصوبوں پر مشیر بھی ہیں۔وفد میں ویمن انٹرپرینئرز اور ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس ایریکا شے ، زو ایلڈرفر اور پاکستانی یوتھ کلائمٹ لیڈر قیصر نواب شامل تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستانی خواتین صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی بھی طرح مردوں سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کا نام روشن کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے آل ویمن یونیرسٹیز اور آل ویمن چیمبرز بنائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بطور چانسلر یونیورسٹیوں میں7 شعبوں میں کنسورشیم بنائے گئے ہیں جن میں سے ایک ویمن ایمپاورمنٹ ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی خواتین کاروبار کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی آگے آ رہی ہیں۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو پاکستانی عوام میں اسلاموفوبیا کے خلاف مؤقف اور انسان دوستی کی وجہ سے بہت مقبول ہیں۔ گورنر پنجاب نے وفد کو گورنر ہائوس کی تاریخ کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بدھا پیالہ 1895 سے گورنر ہائوس لاہور میں اپنی اصلی حالت میں موجود ہے۔اس موقع پرگورنر پنجاب نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے کینیڈاکی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
گلوبل ڈگنٹی (Global Dignity)تنظیم کی صدر جیوانا منگریلی (Giovanna Mingarelli) نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ ان کی تنظیم گلوبل ڈگنیٹی (Global Dignity) دنیا بھر میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ٹریننگ اور ورکشاپس منعقد کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا اور انٹرنیٹ کے زریعے پاکستان کا جو تاثر ملا تھا یہاں آ کر اس کے برعکس پایا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سافٹ امیج کو ٹورازم کے ذریعے فروغ دیا جا سکتا ہے۔کینیڈین وفد نے کہا کہ واپس جا کر دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان ایک پرامن اور سیاحتی اعتبار سے بہترین ملک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں