پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس،اسلام آباد ہائکیورٹ کا اہم فیصلہ 

یوتھ ویژن نیوز ( مبشر بلوچ سے ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کیخلاف تحریک انصاف کی درخواست پر لارجر بنچ بنانے کا فیصلہ منظورکرلیا ہے۔ لارجر بنچ جمعرات 18 اگست سے سماعت شروع کرے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریک انصاف کی درخواست پر کیس کی  سماعت کی۔ 

پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل انور منصورعدالت میں پیش ہوئے۔ انور منصور نے بتایا کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کو بھی چیلنج کیا ہے۔ سپریم کورٹ حنیف عباسی کیس میں واضح کرچکی ہے کہ مختلف وجوہات کی بنا پر اکاؤنٹس ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں : شہباز گل کیس میں اہم پیش رفت،عدالت نے بڑا فیصلہ سنا دیا  

 قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ان کی یادداشت کے مطابق ولی خان کیس کے بعد یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے لیکن ولی خان کیس میں ریفرنس بھجوایا گیا تھا۔ کیا اس کیس میں ریفرنس نہیں بھجوایا گیاہے؟

 تحریک انصاف کے وکیل انور منصور نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت الیکشن کمیشن کو پابند کرے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شوکاز کی حد تک کوئی ایکشن نہ لیا جائے۔ جس پر قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ شوکاز سمیت اسٹے آرڈر کا معاملہ لارجر بینچ خود ہی دیکھے گا۔ عدالت نے کیس لارجر بینچ کے سامنے مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 18 اگست تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں