عید پر بارشیں ہوں گی یا نہیں ؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
محکمہ موسمیات نے عید کے دنوں میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کر دیا ہے کہ 9 سے 12 جولائی تک ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز میں سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون ہوائیں آئندہ 24 گھنٹوں میں داخل ہوں گی، جبکہ اس دوران ہواؤں کی شدت میں کمی کا بھی امکان ہے.
محکمہ موسمیات کے مطابق 9 اور 10 جولائی کے دوران کشمير، گليات، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ پشاور، فيصل آباد، لاہور سمیت راولپنڈی اوراسلام آباد کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو عید کی تعطیلات کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران کشمیر، گلیات اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ کے خدشات بھی موجود ہیں۔