100کے نوٹ پر موجود دو غلطیاں،75 سالہ بزرگ شہری کی درخواست پرغلطیاں دور کرنےکی ہدایت

کراچی: وفاقی محتسب نے 100روپے کے نوٹ پربابائے قوم کا نام اور اس کی پشت پر طبع کی گئی تصویر کا مقام درست درج کرنےکی ہدایت کردی ہے۔

کراچی کے شہری 75 سالہ محمد محسن کی نشاندہی پر وفاقی محتسب کی طرف سے 100روپے کے نوٹ پر موجود دونوں غلطیوں کو دور کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

ریٹائرڈ سرکاری ملازم محمد محسن کا کہنا ہے کہ دس سال قبل نوٹ کا بغور جائزہ لینے پر اندازہ ہوا کے انگریزی میں قائد اعظم کے نام کی اسپیلنگ آئین پاکستان میں درج شدہ اسپیلنگ کے مطابق نہیں،”Quaid-i-Azam” کی جگہ”Quaid-e-Azam”ہے جو کہ غلط ہے۔ جبکہ نوٹ کی پشت پر طبع شدہ تصویر کے ساتھ قائد اعظم ریذیڈنسی ذیارت کوئٹہ لکھا گیاہے جوکہ بلوچستان ہونا چاہئے تھامحمد محسن کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس سالوں کے دوران متعلقہ اداروں کو سینکڑوں خطوط لکھے لیکن کوئی پیش رفت نہ ہوئی،جنوری 2022 میں وفاقی محتسب کے پاس درخواست جمع کرائی جس پر انہوں نے متعلقہ حکام کو نوٹسز بجھوائے اور اب اپنا فیصلہ سنا دیا۔

وفاقی محتسب کےعلاقائی دفتر کوئٹہ کے سربراہ سرور بروہی کے مطابق وفاقی محتسب نے شکایت گزار کی درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے اسٹیٹ بینک کو دونوں غلطیوں کو درست کرنے کا حکم دیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اس دوران سال2006 میں  شروع ہونے والے 5ویں جنریشن کے کرنسی نوٹ مارکیٹ میں اسی طرح استعمال ہوتے رہیں گے تاہم نئے آنے والے نوٹوں پر یہ غلطی درست کردی جائے گی۔

سرور بروہی نے 75 سالہ شہری کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ محمد محسن نے نہ صرف غلطی کی نشاندہی کی بلکہ  بار بار ناکامی کے باوجود ہمت نہ ہارکر حب الوطنی کا ثبوت دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں