وفاقی حکومت نے کل سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ساڑھے 3 گھنٹے کرنے کا وعدہ کر دیا،شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (واصب ابراہیم غوری سے ) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایک بار پھر پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے وعدہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں کل سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ساڑھے 3 گھنٹے پر آجائے گی، 16جون سے دورانیہ تین گھنٹے سے کم ہوجائیگا، جبکہ30 جون سے لوڈشیڈنگ 2سے ڈیڑھ گھنٹے تک ہوگی ، بجلی کے بحران پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے-
انہوں نے کابینہ ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ پر عوام سے معذرت کرتے ہیں، لوڈشیڈنگ پر جلد قابو پالیں گے، کل سے لوڈ شیڈنگ ساڑھے 3 گھنٹے پر آجائے گی، 16جون سے لوڈ شیڈنگ 3 گھنٹے سے کم ہو جائے گی، 30 جون سے لوڈشیڈنگ 2 گھنٹے سے بھی کم کر دی جائے گی- انہوں نے پی ڈی ایم حکومت کے حالیہ جھوٹے وعدوں کا ذکر کئے بغیر الزام لگایا کہ پچھلی حکومت نے 4 سال تک عوام سے جھوٹ بولا، سابقہ حکومت نے کوئی نیا پلانٹ نہیں لگایا، سابق حکومت نے ایل این جی کیلئے کوئی نیا سودا نہیں کیا، ہم نے بہانہ نہیں کرناعوام کی مشکلات میں کمی لانی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 4 ہزار میگاواٹ کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، ملک میں موجود ذرائع سے18ہزار میگاواٹ بجلی بن سکتی ہے، آج بجلی کی طلب 25 ہزار میگاواٹ سے بڑھ چکی ہے۔یاد رہے چار جون کو وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی تمام صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تھا، وزیراعظم کو صنعت اور گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں پر بریفنگ دی گئی تھی۔
وزیراعظم نے متعلقہ وزرا کو صنعت اور گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں توازن لانے کی ہدایت کی تھی۔ وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے لوڈ شیڈنگ میں کمی کا ہنگامی پلان 24 گھنٹے میں طلب کر لیا ہے، توانائی، پٹرولیم اور خزانے کے وزیروں کی کمیٹی کو وزیراعظم نے قابل عمل پلان پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ لوڈشیڈنگ میں بتدریج کمی کے پلان پر موثر عملدرآمد کرائیں گے، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایسا پلان بنائیں جس سے عوام کو لوڈشیڈنگ میں کمی خود محسوس ہو۔ شہباز حکومت کے لوڈشیڈنگ کو کم کرنے کے وعدے ایسے حال میں ہو رہے ہیں کہ اس حکومت نے اپریل میں وعدہ کیا تھا کہ یکم مئ سے ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا اور گزشتہ ہفتے وزیراعظم نے حکم دیا کہ ملک بھر میں لوڈشیڈنگ دو گھنٹے سے زیادہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں