پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف عمران خان نے کل احتجاج کی کال دے دی
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کل بعد نماز جمعہ پرامن احتجاج کی کال دے دی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ عوام امپورٹڈ حکومت کی انسان کش پالیسیوں اور ہوش ربا مہنگائی کے خلاف بعد نماز جمعہ باہر نکلیں اور احتجاج ریکارڈ کروائیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں 30/30 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیٹرول کی قیمت 200 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکومتی اعلان کے تحت شب 12 بجے کے بعد سے پیٹرول کی نئی قیمت 209.30 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی جب کہ ڈیزل 30 روپے اضافے سے 204 فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔
ہم نیوز کے مطابق حکومتی فیصلے کے تحت لائٹ ڈیزل 178 روپے کا ہو جائے گا جب کہ کیروسین کی قیمت بڑھ کر 181.94 پیسے ہو جائے گی۔