کراچی؛ ملازم کا صفائی کے بہانےسے 1 کروڑ 15 لاکھ روپے کا صفایا کردیا
کراچی : صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ملازم مالک کی کار کی ڈگی میں رکھے 1 کروڑ 15 لاکھ روپے لے کر فرار ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ شہر قائد کے علاقہ ڈیفنس فیز 8 خیابان شاہین میں ہوا جہاں ملازم مالک کی گاڑی میں رکھی ایک کروڑ 15 لاکھ روپے کی نقد رقم چوری کرکے فرار ہوگیا۔ معلوم ہوا ہے کہ واقعے کا مقدمہ ساحل تھانے میں محمد جمال ڈھیڈی کی مدعیت میِں درج کیا گیا ہے جس میں مدعی محمد جمال نے بتایا کہ یہ واقعہ 25 مئی کو پیش آیا جب میں نے اپنی گاڑی کی ڈگی میں پیپر کے بیگ میں ایک کروڑ 15 لاکھ روپے رکھے تھے لیکن اگلے دن میرے بھائی نے گاڑی کی ڈگی چیک کی تو پیسے غائب تھے اور جب سی سی ٹی وی ویڈیو دیکھی تو اس میں نظر آیا کہ ملازم اللّٰہ رکھا پیسوں والا بیگ نکال کر فرار ہو رہا ہے ۔
دوسری طرف لاہور کے علاقے کاہنہ میں دو خواتین نے ملازمہ کو قتل کرکے لاش ڈبے میں پیک کرکے پھینک دی ، سی سی ٹی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پورے واقعے کا بھید کھل گیا اور قاتل خواتین کی تصدیق بھی ہوگئی ، اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ ہمیں اطلاع موصول ہوئی تھی کہ نامعلوم افراد گتے کا ڈبہ پھینک کر فرار ہوگئے ہیں ، اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ڈبہ کو قبضے میں لے لیا توپتہ چلا کہ اس میں لاش ہے، لاش کی شناخت یاسمین کے نام سے ہوئی اور جب پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا اور شواہد اکٹھے کئے تو سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا کہ دو خواتین ڈبہ پھینک کر گئی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یاسمین نامی خاتون کی لاش کو بشری اور ارم نامی خواتین لے جارہی ہیں ، بشری اور ارم آپس میں ماں بیٹی ہیں اور جب تحقیقات کی گئیں تو پتہ چلا کہ قتل ہونے والی یاسمین بشری بی بی کے گھر ملازمہ تھی، ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ مقتولہ کی موت گلا دبانے کی وجہ سے ہوئی تاہم مقتولہ گھریلو ملازمہ کے پیٹ میں چھری کے وار کا زخم بھی موجود ہے، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا