این اے245 کا دنگل،تحریک انصاف کو واضح برتری
یوتھ ویژن نیوز ( عمران قذافی سے ) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے ۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار محمود مولوی اس وقت سب سے آگے ہیں جبکہ ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار ایک دوسرے کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں۔
حیران کن طور پر ٹی ایل پی کے محمد احمد رضا نے پاک سرزمین پارٹی اور آزاد امیدوار فاروق ستار کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور حلقے میں تیسری بڑی قوت بن کر سامنے آئے ہیں۔
تحریک لبیک نے ضمنی انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو بڑا سرپرائز دیا ہے ۔ ٹی ایل پی کے ووٹ بینک میں حیران کن طور پر اضافہ ہوا ہے ۔ اس طرح تحریک لبیک پی ٹی آئی کے بعد تیزی سے مقبول ہونے والی دوسری اہم جماعت بن گئی ہے جو آئندہ عام انتخابات میں بڑی سیاسی جماعتوں کو مقابلے کی ٹکر دےسکتی ہے۔
واضح رہے کہ این اے 245 میں کل 263 پولنگ سٹیشن ہیں جن میں 1052 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے ۔ حلقہ میں ووٹرز کی کل تعداد 5 لاکھ 15 ہزار 3 ہے۔
اس وقت حلقہ 245 میں ٹرن آؤٹ 9.45 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو کہ ضمنی انتخاب میں انتہائی کم ہے۔
قبل ازیں قومی اسمبلی کے حلقے میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت صبح 8 بجے شروع ہوا جو کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہا۔
کسی بھی قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، پولیس کے 2700 اہلکاروں کے علاوہ پاک فوج اور رینجرز اہلکار بھی تعینات کیے گئے۔
پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں 15 امیدوار مدمقابل تھے۔