فوری معاہدہ کرو ورنہ سب کچھ مٹ جائے گا، ٹرمپ کی ایران کو پھر وارننگ
یوتھ ویژن نیوز : (ویب ڈسک) واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے نہایت سخت اور جارحانہ موقف اپناتے ہوئے ایک بار پھر تہران کو دوٹوک پیغام دیا ہے کہ اگر فوری معاہدہ نہ کیا گیا تو سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں تہران اور کرج کو ملانے والے ایک اہم پل کی مکمل تباہی دکھائی گئی۔ ٹرمپ کے مطابق یہ پل اب دوبارہ استعمال کے قابل نہیں رہا اور ایران کے لیے ایک واضح انتباہ ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے وسائل اور طاقت بھی ضائع ہو سکتے ہیں۔
امریکی ماہر کا ہنگامہ خیز بیان: ٹرمپ اور نیتن یاہو پر جنگی جرائم کے سنگین الزامات
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے پاس اب بھی ترقی اور استحکام کا موقع موجود ہے، مگر یہ موقع تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔ انہوں نے ایرانی قیادت کو خبردار کیا کہ فوری پیش رفت اور معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں یہ ملک مزید خطرات اور نقصان کا سامنا کر سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے اس نوعیت کی ویڈیو جاری کرنا اور اسے ایران کی مجموعی صورتحال سے جوڑنا ایک غیر معمولی اقدام ہے، جس سے عالمی سفارتی حلقوں میں بے چینی پیدا ہو گئی ہے۔ اس اقدام کو عالمی توانائی اور سلامتی کے تناظر میں بھی خاص اہمیت دی جا رہی ہے، کیونکہ ایران کی فوجی اور اقتصادی صلاحیتوں پر عالمی نظر ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور تہران کے خلاف عالمی دباؤ بھی بڑھ رہا ہے، جس کے اثرات نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی معیشت اور توانائی کی سپلائی چین پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔