تیراہ میں فوجی آپریشن کا جھوٹا پروپیگنڈا، سیکیورٹی ذرائع نے حقائق واضح کر دیے

تیراہ میں فوجی آپریشن کا جھوٹا پروپیگنڈا، سیکیورٹی ذرائع نے حقائق واضح کر دیے | YouthVision

یوتھ ویژن نیوز : ( سُمیر علی خان سے) کراچی: سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے علاقے تیراہ میں فوجی آپریشن کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں جھوٹ اور بے بنیاد پروپیگنڈا ہیں۔ ذرائع کے مطابق تیراہ میں کوئی بڑا فوجی آپریشن نہیں ہو رہا، بلکہ صرف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) جاری ہیں، جو دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے سب سے مؤثر حکمت عملی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ تیراہ میں فوج کی تعداد میں اضافہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی داخلی یا بیرونی راستے پر چیک پوسٹ لگائی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ موسم بڑے آپریشن کے لیے موزوں نہیں، اور دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کا گٹھ جوڑ پہلے ہی بے نقاب ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیراہ میں کیے جانے والے آئی بی اوز کا مقصد صرف اور صرف انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرنا ہے اور یہ کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔ اس عمل میں مقامی قبائل اور معززین کی مشاورت کو اہمیت دی جاتی ہے تاکہ مقامی روایات اور حالات کا خیال رکھا جا سکے۔

سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ تیراہ اور بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج جیسے عناصر عوام کی ترقی اور سہولیات کے دشمن ہیں۔ یہ گروہ عوام میں احساس محرومی پیدا کرنے کے بعد دہشت گردانہ سرگرمیاں کرتے ہیں، لیکن مقامی عوام اب ان کی اصل حقیقت کو پہچان چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوج اور عوام کے درمیان رشتہ مضبوط ہے اور اس بیانیے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ تمام فیصلے قبائلی عوام، مقامی معززین اور سیکیورٹی حکام کی مشاورت سے کیے جاتے ہیں، جس سے علاقے میں امن اور ترقی کے عمل کو مزید تقویت ملتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں