سینیٹ کا اجلاس قائم مقام چیئرمین آغا شاہزیب درانی کی صدارت میں شروع، بلوچستان میں امن و امان پر بحث ایجنڈے کا حصہ
یوتھ ویژن نیوز : (علی رضاسے) سینیٹ کا اہم اجلاس منگل کے روز صبح 11 بج کر 21 منٹ پر پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہوا۔ اجلاس کی صدارت پریذائیڈنگ آفیسر آغا شاہزیب درانی نے کی۔ ایوان کی کارروائی کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد وقفہ سوالات (Question Hour) شروع کیا گیا جس میں متعلقہ وزارتوں کے وزراء نے ارکان کے سوالات کے تحریری اور زبانی جوابات دیے۔ آج کے اجلاس میں مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹوں کی پیشکش اور قانون سازی کا اہم ایجنڈا زیرِ غور ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سائنس و ٹیکنالوجی کا اہم اجلاس، متعدد معاملات پر غور و خوص
ایوان کے ایجنڈے کے مطابق، قائمہ کمیٹیوں کی جانب سے رپورٹ کیے گئے مختلف بلز کو قانون سازی کے عمل کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، عوامی اہمیت کے حامل معاملات پر توجہ دلاؤ نوٹس اور تحریکیں بھی زیرِ بحث آئیں گی۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، اس سیشن میں ہونے والی قانون سازی ملکی انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلیوں کی پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔ پریذائیڈنگ آفیسر نے ایوان کی کارروائی کو نظم و ضبط کے ساتھ چلانے کے لیے ارکان کو وقت کی پابندی اور پارلیمانی آداب کے احترام کی ہدایت کی۔
اجلاس کا سب سے اہم نکتہ بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بحث ہے۔ سینیٹ میں صوبے کے سیکیورٹی حالات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی شکایات پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔ ارکانِ سینیٹ بلوچستان میں استحکام اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کریں گے۔ حکومت کی جانب سے بلوچستان میں امن و امان کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر ایوان کو اعتماد میں لیے جانے کا بھی امکان ہے، تاکہ صوبے کے عوام میں پائے جانے والے احساسِ محرومی کو ختم کیا جا سکے۔