پنجاب میں میٹرک و انٹر امتحانات کا نظام بدل گیا، طلبا کیلئے بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار

punjab-matric-inter-exams-biometric-verification-2026

یوتھ ویژن نیوز : (محمد عباس سے) پنجاب میں نقل، جعلسازی اور امتحانی بے ضابطگیوں کے مکمل خاتمے کے لیے 2026 سے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں طلبا کی ڈیجیٹل بائیومیٹرک تصدیق متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد امتحانی نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا اور نتائج پر طلبا اور والدین کا اعتماد بحال کرنا ہے۔

یہ فیصلہ لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں پنجاب کے تمام نو تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز، سیکریٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں امتحانی اصلاحات پر تفصیلی غور کیا گیا اور نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

پنجاب سائنس انکلیو کا سنگ بنیاد: وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کا ہائی ٹیک لیبارٹریز کا افتتاح

اجلاس کے فیصلے کے مطابق آئندہ امتحانات میں طلبا کی شناخت امتحانی ہال میں داخلے سے قبل ڈیجیٹل بائیومیٹرک نظام کے ذریعے تصدیق کی جائے گی۔ بائیومیٹرک تصدیق کے بغیر کسی طالب علم کو امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاکہ ڈمی امیدواروں اور جعلی اندراجات کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

پریکٹیکل امتحانات کے نظام میں بھی نمایاں اصلاحات کی منظوری دی گئی ہے۔ ان اصلاحات میں معیاری گریڈنگ سسٹم، لیبارٹریز میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور ڈیجیٹل مارکنگ سسٹم کا نفاذ شامل ہے، جس کا مقصد انسانی غلطیوں اور بدعنوانی کے امکانات کو کم کرنا ہے۔

اس کے علاوہ امتحانی عملے، سپرنٹنڈنٹس اور نگرانوں کے معاوضے میں اضافہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ امتحانی فرائض دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیے جا سکیں۔

ٹاسک فورس کمیٹی کے چیئرمین مزمل محمود نے اجلاس کے دوران سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے نتائج پر اثر انداز ہونے یا رشوت کے ذریعے مداخلت کی کوشش کی تو اس کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

تعلیمی حکام کے مطابق یہ اصلاحات پنجاب کے تعلیمی نظام میں ایک سنگ میل ثابت ہوں گی اور امتحانات کو منصفانہ، شفاف اور قابلِ اعتماد بنانے میں مدد دیں گی۔

لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے تصدیق کی ہے کہ بائیومیٹرک نظام اور دیگر اصلاحات سے متعلق تفصیلی رہنما اصول 2026 کے امتحانی سیزن سے قبل تمام تعلیمی اداروں کے ساتھ شیئر کر دیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں