بھارت کو ایسی شکست دی کہ نسلیں یاد رکھیں گی: وزیر اعظم شہباز شریف
یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) مظفرآباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ماضی میں بھارت کو ایسی ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا ہے جسے ان کی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔
مظفرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ عسکری اور سفارتی محاذ پر بھارتی جھوٹ کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں دی گئی شکست کو دشمن کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے بانیِ پاکستان قائد اعظم کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور یہی ہماری خارجہ پالیسی کا محور ہے۔
آزاد کشمیر کے لیے ترقیاتی پیکیج: لیپ ٹاپ اسکیم، دانش یونیورسٹی اور ایک ارب روپے کے فنڈز کا اعلان
وزیر اعظم نے آزاد کشمیر کے عوام کے لیے اہم فلاحی اعلانات کرتے ہوئے مہاجرین کا ماہانہ وظیفہ 3500 سے بڑھا کر 6000 روپے کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ مظفرآباد میں اسلام آباد کی طرز پر جدید خدمت سینٹر کا قیام اور دانش یونیورسٹی کا سب کیمپس بنانے کا بھی حکم دیا۔ تعلیمی شعبے کے لیے ایک ارب روپے کے فنڈز اور ہزاروں طلبا کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا عزم دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک پاکستان اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔