وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 80 روپے کمی کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف قوم سے خطاب میں پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کے اعلان کی نمائندہ تصویر۔

یوتھ ویژن نیوز : (ڈاکٹر ثاقب ابراہیم سے) اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 80 روپے کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 458 روپے سے کم ہو کر 378 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔

وزیراعظم کے مطابق یہ کمی آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوگی اور کم از کم ایک ماہ تک پورے ملک میں برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی خطے میں جاری جنگ اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باوجود حکومت نے عوامی مشکلات کم کرنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے۔

مہنگائی کے دباؤ میں عوام کو فوری ریلیف

وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران حکومت نے قومی وسائل سے 129 ارب روپے خرچ کرکے عوام کو مسلسل بڑھتی تیل کی قیمتوں کے براہِ راست اثرات سے بچایا۔ ان کے بقول حکومت نے یہ فیصلہ عوامی فلاح، کسانوں کی مشکلات اور عام آدمی کے روزمرہ اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں غریب طبقے، مزدور، کسان اور ٹرانسپورٹ سیکٹر سب سے زیادہ متاثر ہو رہے تھے، اس لیے پیٹرول لیوی میں فوری کمی کر کے قیمت کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

موٹرسائیکل، ٹرانسپورٹ اور کسانوں کیلئے اضافی سبسڈی

شہباز شریف نے کہا کہ پیٹرول قیمت میں کمی کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل سواروں کیلئے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی بدستور جاری رہے گی، جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کو ایک ماہ کیلئے 100 روپے فی لیٹر ڈیزل سبسڈی دی جائے گی۔ چھوٹے ٹرکوں کیلئے 70 ہزار روپے، بڑے ٹرکوں کیلئے 80 ہزار روپے اور پبلک بسوں کیلئے ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی بھی برقرار رہے گی تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کرایوں میں مزید اضافہ نہ ہو۔ وزیراعظم نے چھوٹے کسانوں کیلئے 1500 روپے فی ایکڑ امداد اور پاکستان ریلوے کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کی ہدایات بھی دہرائیں۔

پورے ملک میں اطلاق، قومی یکجہتی پر زور

وزیراعظم نے بتایا کہ یہ تمام ریلیف پیکیج چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پر بھی یکساں لاگو ہوگا اور وفاقی حکومت وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل عالمی حالات میں صرف قومی یکجہتی، بروقت فیصلوں اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے عوامی مشکلات کم کی جا سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس نازک وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور مزید ریلیف کیلئے بھی تمام آپشنز زیر غور رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں