پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلے گا یا نہیں؟ حکومت نے اچانک بڑا فیصلہ سنا دیا
یوتھ ویژن نیوز : (سپورٹس ذرائع) پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق غیر یقینی صورتحال ختم ہو گئی ہے اور حکومتِ پاکستان نے اس حوالے سے حتمی فیصلہ سنا دیا ہے۔
حکومتی اعلان کے مطابق پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا تاہم بھارت کے خلاف شیڈول میچ نہیں کھیلا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا، جس میں قومی مفاد، سفارتی صورتحال اور اسپورٹس پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹورنامنٹ میں شرکت کی مشروط اجازت دی ہے، تاہم بھارت کے خلاف میچ سے دستبرداری کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 15 فروری کو شیڈول ہے، لیکن پاکستان کی جانب سے میچ نہ کھیلنے کی صورت میں بھارتی ٹیم کو واک اوور کے تحت دو پوائنٹس مل جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ قومی مؤقف اور موجودہ علاقائی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جبکہ پی سی بی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آئی سی سی سے رابطے میں رہتے ہوئے پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرے۔