وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ ! تمام شاپنگ مالز اور بازار 8 بجے بند کرنے کا حکم
پنجاب، کے پی، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 7 اپریل سے بازار اور مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ، ریسٹورنٹس 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔
یوتھ ویژن نیوز :(واصب ابراہیم سے) وفاقی حکومت نے توانائی بچت، پٹرولیم مصنوعات کے بڑھتے دباؤ اور کفایت شعاری پالیسی کے تحت ملک کے متعدد علاقوں میں بازاروں اور تجارتی مراکز کے اوقات کار محدود کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں طے کیا گیا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں تمام بازار، مارکیٹیں، شاپنگ مالز، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی دکانیں رات 8 بجے بند کر دی جائیں گی۔
خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کیلئے خصوصی رعایت
اجلاس میں صوبائی حکومت کی مشاورت سے خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کیلئے خصوصی رعایت دی گئی، جہاں بازار، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ مقامی کاروباری سرگرمیوں اور شہری سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
ریسٹورنٹس، بیکریاں اور شادی ہالز کے نئے اوقات
حکومت نے کھانے پینے کے شعبے کیلئے بھی نئے اوقات مقرر کر دیے ہیں۔ بیکریاں، ریسٹورنٹس، تندور اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس رات 10 بجے بند ہوں گے، جبکہ میرج ہالز، مارکیز اور دیگر کمرشل شادی مقامات بھی رات 10 بجے کے بعد بند رہیں گے۔ اسی طرح نجی گھروں اور پراپرٹیز میں شادی بیاہ کی تقریبات بھی 10 بجے کے بعد منعقد نہیں کی جا سکیں گی۔
فارمیسیز اور میڈیکل اسٹورز مستثنیٰ
روزمرہ طبی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کو ان پابندیوں سے مکمل طور پر مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو ادویات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
ڈیجیٹل سبسڈی اور مفت پبلک ٹرانسپورٹ
اجلاس میں بتایا گیا کہ پٹرولیم سبسڈی کو ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اب تک ایک لاکھ سے زائد ٹرانزیکشنز مکمل ہو چکی ہیں۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ گلگت شہر اور مظفرآباد میں انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کیلئے مفت ہوگی، جس کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔
سندھ میں مشاورت جاری
بیان کے مطابق سندھ حکومت مارکیٹ اوقات کار کے معاملے پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر رہی ہے، اور توقع ظاہر کی گئی ہے کہ جلد سندھ بھی اس قومی توانائی بچت فیصلے میں شامل ہو جائے گا۔