مریم اورنگزیب کا وزیراعظم شہباز شریف کو خراجِ تحسین، مشکل حالات میں عوام کے لیے ریلیف کی تعریف

مریم اورنگزیب وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں عوام کے لیے ریلیف اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے۔

یوتھ ویژن نیوز : (ویب ڈسک ) اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی رہنما اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود ایک ماہ تک اس کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں ہونے دیا، جو ایک ذمہ دار اور سنجیدہ قیادت کی واضح مثال ہے۔

مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ صرف ایک فیصلہ نہیں بلکہ مؤثر حکمتِ عملی، فِسکل مینجمنٹ اور عوامی ریلیف کی شاندار مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے کفایت شعاری کے اقدامات اختیار کیے، غیر ضروری اخراجات میں کمی کی، اور ہر ممکن طریقے سے عوام کے لیے ریلیف فراہم کیا۔

حکومت نے پیٹرول 137 اور ڈیزل 185 روپے فی لیٹر بڑھا دیا، سبسڈی ریلیف پیکج کا اعلان

سینئر وزیر نے کہا کہ عالمی سطح پر جہاں کئی ممالک میں پٹرول کی قلت اور قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا، وہاں پاکستان کو اس بحران سے محفوظ رکھا گیا، جو مضبوط پالیسی اور مؤثر سپلائی چین مینجمنٹ کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیادت کی یہی خاصیت ہے کہ عوام کے دکھ درد کو سمجھا جائے اور مشکل حالات میں عملی اقدامات کیے جائیں۔

مریم اورنگزیب نے ٹارگیٹڈ سبسڈی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 2 ویلرز استعمال کرنے والے محنت کش، چھوٹے کسان (25 ایکڑ سے کم زمین رکھنے والے)، اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو خصوصی ریلیف دے کر مہنگائی کے اثرات کم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ قیادت ہے جو مشکل حالات میں بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑتی بلکہ ہر ممکن حد تک سہارا دیتی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، وفاق کی اکائیوں، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں اور وزرائے اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان ایک قوم بن کر ان مشکل حالات کا مقابلہ کرے گا۔ مریم اورنگزیب نے امید ظاہر کی کہ جیسے جیسے عالمی حالات بہتر ہوں گے، عوام کے لیے مزید ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں