لودھراں حادثہ: جلالپور روڈ پر مزدا اور ٹریکٹر ٹرالی میں ہولناک تصادم، ڈپٹی کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا ہنگامی دورہ
یوتھ ویژن نیوز : (طاہر ایوب خان سے) لودھراں: تحصیل لودھراں کے علاقے جلالپور روڈ منڈھالی موڑ پر ایک تیز رفتار مزدا اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان ہولناک تصادم ہوا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد شدید زخمی اور جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ یوتھ ویژن نیوز کے نمائندے کے مطابق، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں اور ڈیڈ باڈیز کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) ہسپتال لودھراں منتقل کر دیا ہے۔
لودھراں میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس، نئی ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ
واقعے کی سنگینی کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف خود ہسپتال پہنچ گئے، جہاں انہوں نے امدادی کاموں اور طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر شکیل احمد اور سی او ضلع کونسل سید مصلح الدین بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ہسپتال انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین اور فی الفور سہولیات فراہم کی جائیں اور ادویات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ "غم کی اس گھڑی میں ہم زخمیوں اور سوگواران کے ساتھ کھڑے ہیں اور انتظامیہ متاثرین کی ہر ممکن مدد یقینی بنائے گی۔” جلالپور روڈ پر ٹریفک کی روانی کو بحال کرنے کے لیے پولیس اور مقامی انتظامیہ موقع پر موجود ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔