ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی لودھراں میں فیلڈ وزٹ، انفراسٹرکچر اور تعلیمی منصوبوں کا معائنہ
یوتھ ویژن نیوز : (طاہر ایوب خان سے) لودھراں میں سرکاری اداروں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور شہری سہولیات کے معیار کو بلند کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف فیلڈ میں متحرک نظر آ رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں انہوں نے لودھراں پبلک سکول، ماڈل بازار (سہولت بازار)، لاری اڈا اور مختلف شہری علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
لودھراں پبلک سکول کے دورے کے موقع پر پرنسپل پروفیسر راشد انور نے ڈپٹی کمشنر کو ادارے کی مجموعی کارکردگی، تدریسی نظام اور جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے پبلک سکول کے اساتذہ کے لیے منعقدہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) ٹریننگ سیشن میں بھی شرکت کی اور سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ میتھمیٹکس (STEM) لیب کا معائنہ کیا۔
اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی تعلیم وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے اور جدید دور میں ایسے ٹریننگ سیشنز کسی نعمت سے کم نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ اے آئی ٹریننگ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور جدید ڈیجیٹل مہارتوں کے ذریعے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں تاکہ طلبہ کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کی جا سکے۔
مزید یہ بھی پڑھیں: ڈی سی لودھراں محمد اشرف کا راجہ پور میں تعلیمی، صحت اور عوامی سہولیات کا جائزہ
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے لودھراں پبلک سکول میں تعلیمی سہولیات کے فروغ کے لیے 16 اضافی کمروں کے منصوبے کی تیاری کی ہدایت بھی جاری کی۔ اس کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے کڈز پلے ایریا کو جلد از جلد ڈویلپ کرنے پر زور دیا تاکہ طلبہ کو صحت مند اور سازگار تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ماڈل بازار (سہولت بازار) پہنچے جہاں انچارج ماڈل بازار مبشر منظور نے ان کا استقبال کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود مختلف سٹالز اور جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی معائنہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے فروٹ، کریانہ اور چکن کی 24 نئی دکانوں کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے اور انہیں ماہِ رمضان سے قبل مکمل طور پر فنکشنل بنانے کی واضح ہدایت کی۔
اس موقع پر تجاوزات کے خاتمے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ہدایت کی کہ ماڈل بازار اور اس کے اطراف میں کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی اور فوری طور پر غیر قانونی رکاوٹوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو سہولیات کے حصول میں آسانی ہو۔
ڈپٹی کمشنر نے لودھراں کے لاری اڈا کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے صفائی و ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ لاری اڈا شہر کا اہم مرکز ہے اور یہاں صفائی، نظم و ضبط اور سہولیات کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنا سامان مقررہ حدود میں رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دکاندار قابلِ احترام ہیں تاہم قانون کی پاسداری سب پر لازم ہے، قانون کی خلاف ورزی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انتظامیہ اور شہری مل کر لودھراں کو ایک خوبصورت، منظم اور مثالی ضلع بنائیں گے۔