لودھراں میں سرکاری فیسوں کی وصولی اور ایگزیکٹو واش رومز کی تعمیر کا جائزہ
یوتھ ویژن نیوز : (طاہر ایوب خان سے) ڈپٹی کمشنر لودھراں کی زیر صدارت اجلاس، سرکاری فیسوں کی وصولی اور ہائی ویز پر ایگزیکٹو واش رومز کی تعمیر پر غور۔
لودھراں: ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف کی زیر صدارت سرکاری فیسوں کی وصولی، کنڈونیشن و کنورین فیس اور ایگزیکٹو واش رومز کی تعمیر کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سید وسیم حسن اور لیاقت علی گیلانی، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کنڈونیشن اور کنورین فیس کی بروقت وصولی نہایت ضروری ہے، کیونکہ سرکاری واجبات کی عدم ادائیگی سے ترقیاتی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق سرکاری فیسوں کی وصولی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
لودھراں انتظامیہ کی دیہاتوں میں ڈسپوزل اور واٹر سپلائی بہتر بنانے کے لیے بڑا اقدام، یوزر کمیٹیاں فعال کر دی گئیں
ڈپٹی کمشنر نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ سرکاری واجبات ادا نہ کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت یا معافی نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نادہندگان کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ سرکاری محصولات میں اضافہ ہو سکے۔
اجلاس میں ہاؤسنگ سیکٹر سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ ہاؤسنگ مالکان کی جانب سے استعمال کیے گئے سرکاری رقبے یا اس کے عوض واجب الادا رقوم ہر صورت واپس لی جائیں گی، اور اس ضمن میں کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے تحت ضلع لودھراں کی اہم ہائی ویز پر ایگزیکٹو واش رومز تعمیر کیے جائیں گے تاکہ مسافروں کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ واش رومز کی تعمیر کے لیے موزوں مقامات کی فوری نشاندہی کی جائے اور عملی اقدامات میں تاخیر نہ کی جائے۔
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر لودھراں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری محصولات کی شفاف وصولی اور عوامی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور ان اہداف کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔